وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔
دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئی تقرری 45 دن کے اندر اندر عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے جن لوگوں کے نام تجویز کیے گئے ہیں، وہ سب غیر جانبداری سے کام کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ احتساب ہوگا اور عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لایا جائے گا۔ وزیر اعظم کے وعدے کی تکمیل شروع ہوچکی ہے۔ لوٹی ہوئی دولت کی قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئی شوق نہیں کہ اپوزیشن رہنماؤں اور سیاسی لیڈروں کو پکڑ کر جیل میں ڈالیں۔ آپ مہربانی کریں اور ہمت پکڑتے ہوئے قوم کا پیسہ واپس کریں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے بھی جلد پیسہ وصول ہونا شروع ہوجائے گا جبکہ آصف علی زرداری پر بھی وہی اصول نافذ العمل ہوگا جو نواز شریف کیس میں طے کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت خلا میں ملبہ پھیلانے کا سبب بن رہا ہے جس پر عالمی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 2 روز قبل اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت آہستہ آہستہ خلا میں ملبہ پھیلانے کا ایک بڑا ذریعہ بنتا جارہا ہے جس کا نوٹس لینا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت خلا میں ملبہ پھیلانے کا سبب ، عالمی تنظیمیں نوٹس لیں۔فواد چوہدری