کوہاٹ میں سابق وزیرِ مملکت برائے انسدادِ منشیات شہریار آفریدی کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کے آبائی گھر پر دستی بم سے حملہ ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی ہے۔
عمران خان نے ہمیشہ قانون کا احترام کرنے کی بات کی ہے، فیصل جاوید
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں دستی بم کو گیٹ کے باہر پھٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ حملے کے نتیجے میں جانی نقصان نہیں ہوا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز جاری کردہ اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر و سینیٹر اعجاز چوہدری نے دستی بم حملے کی تصدیق کی ہے۔
سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شہریار آفریدی کے گھر کوہاٹ میں گرنیڈ سے حملہ
اللہ کریمُ حفاظت فرمائے اور پاکستان کے دُشمنوں کو نیست و نابود فرمائے۔ @ImranKhanPTI @PTIofficial @ShehryarAfridi1— Senator Ejaz Chaudhary (@EjazChaudhary) September 22, 2022
سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ کوہاٹ میں سابق وفاقی وزیر اور تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما شہریار آفریدی کے گھر پر گرنیڈ سے حملہ کیا گیا۔ انہوں نے شہریار آفریدی کی حفاظت کیلئے دعا بھی کی۔
خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر سابق وزیرِ مملکت انسدادِ منشیات شہر یار آفریدی کو ایک بار پھر وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا جو پی ٹی آئی کے دور میں وزیرِ مملکت کا کردار ادا کرتے رہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار آفریدی کی کمیٹی کو فعال بنانے کی کاوشوں کا اعتراف کیا اور انہیں وفاقی وزیر کے عہدہ دینے کی ہدایات گزشتہ برس اکتوبر میں جاری کی تھیں۔ شہریار آفریدی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔