اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) چیف کی جانب سے بوگس میٹر سکینڈل کی تحقیقات کو محدود کرنے کے پس پردہ حقائق سامنے آگئے ہیں جبکہ گنگال سب ڈویژن کے ایس ڈی او اور لائن سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے بوگس میٹر نصب کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ڈی او اور لائن سپرنٹنڈنٹ ارمان شاہ کی جانب سے بغیر این اوسی ائیرپورٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں سینکڑوں بجلی کے میٹر غیر قانونی طریقے سے اور بوگس نصب کرنے کا انکشاف ہوا ہے اس سے متعلقہ ذمہ داران پر آئیسکو نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر این اوسی ائیر پورٹ آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں میٹر مبینہ طور پر 40 ہزار سے 60 ہزار روپے میں سوسائٹی کے سابق صدر اور آئیسکو کے متعلقہ افسران ایس ڈی او منور سمیت لائن سپرنٹنڈنٹ ارمان شاہ اور دیگر افراد کی ملی بھگت سے لگائے جا رہے ہیں جو مبینہ طور پر ڈِس کنیکٹ میٹر ہے۔
ذرئع کے مطابق نئے میٹر بھی لگائے گئے ہیں لیکن کئی ماہ سے بلنگ نہیں ہو رہی بلکہ مفت میں بجلی کا استعمال جاری ہے۔اس قسم کے غیر قانونی اور بوگس میٹر ملحقہ دیگر ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بھی لگائے گئے جن کی وزارتِ ا نرجی کی سطح پر تحقیقات ضروری ہیں جبکہ ایم ڈی پیپکو کی ٹیم پہلے ہی3 سب ڈویژنزپر تحقیقات کر رہی ہے۔
اِس ضمن میں آئیسکو کے چیف انجینئر شیر عباس نے بوگس میٹر لگانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی او منور اور لائن سپرنٹنڈنٹ ارمان شاہ سمیت دیگر ذمہ داران کو شوکاز نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا گیا ہے۔جو بھی ملوث پایا گیا، اُس کے خلاف کارروائی کریں گے۔
دوسری جانب ائیر پورٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سابق صدر رانا عبید نے بھی غیر قانونی طریقے سے میٹر لگانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رہائشیوں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے آئیسکو کے ساتھ مل کر میٹر لگائے گئے۔اسے قانونی حیثیت دینے کیلئے نیپرا سے رابطہ کیا گیا ، تاہم کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔
جب اِس معاملے پر لائن سپرنٹنڈنٹ ارمان شاہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے سوال نامہ وصول کرکے جواب دینے کی بجائے راہِ فرار اختیار کر لی۔ متعدد رابطوں کے باوجود جواب نہ دیا جس سے ان کی سنجیدگی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بوگس میٹر اسکینڈل کی انکوائری مکمل، آئیسکو چیف سرگرم