کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری روز کے دوران مندی کی صورتحال دیکھنے کو ملی، بینچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس میں 2500پوائنٹس کی مندی کا سامنا رہا۔
کاروباری روز کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 4.11 فیصد کی کمی سے 59,171 کی سطح پر بند ہوا۔ یہ کے ایس ای 100انڈیکس کی تاریخ میں پوائنٹس کے لحاظ سے یومیہ سب سے زیادہ گراوٹ ہے۔
منگل کو بڑے پیمانے پر فروخت ہوئی کیونکہ انڈیکس ہیوی انڈسٹریز بشمول آٹومیکرز، کیمیکلز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ، ایکسپلوریشن، ریفائنریز اور فارماسیوٹیکل سبھی میں منفی ٹریڈنگ دیکھی گئی۔
گزشتہ روز 13.709 ارب روپے مالیت کے 671,550,776 حصص کے مقابلے میں آج کاروبار کے دوران کل 670,859,618 حصص کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 17.129 بلین روپے تھی۔
تقریباً 369 کمپنیوں نے اسٹاک مارکیٹ میں اپنے حصص کا لین دین کیا۔ ان میں سے 43 میں اضافہ اور 315 کے حصص کی قیمتوں میں کمی جبکہ 11 کے حصص کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔