کراچی: صوبہ سندھ کے اہم شہر حیدر آباد میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد بے ہوش ہوگئے ہیں جبکہ 15 کی حالت خراب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق گیس لیکیج کے باعث دھماکہ حیدر آباد میں نئی سبزی منڈی کے نزدیک کولڈ اسٹوریج میں پیش آیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 4 ملازمین بے ہوش ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کا کام شروع کردیا گیا۔
کوئٹہ سریاب روڈ پر دھماکہ، متعدد افراد زخمی
حیدر آباد پولیس کا کہنا ہے کہ کولڈ اسٹوریج میں گیس لائن دھماکے سے پھٹ جانے کے باعث گیس پھیل گئی جس کے نتیجے میں فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں سمیت 15علاقہ مکینوں کی حالت خراب ہوگئی۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں گیس سے متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جنہیں آکسیجن فراہم کرکے سانس لینے میں دشواری کی شکایت دور کر لی گئی ہے۔ سول ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا تھا کہ زوردار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
آج سے 2 روز قبل ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو اہل علاقہ اور پولیس نے طبی امداد کے لیے ٹراما سینٹر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا۔