اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں سیزن شائقین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، تاہم بلیک ٹکٹ مافیا نے ٹکٹس کے ریٹ500 روپے سے بڑھا کر 1 ہزار میں فروخت کرنا شروع کردئیے ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ٹکٹ بلیک میلر مافیا نے ملی بھگت سے پہلے ہی تمام ٹکٹس خرید لیے اور پاکستان سپورٹس بورڈ (پی سی بی) نے ٹکٹ کیلئے جو پوائنٹس نامزد کیے تھے، ٹکٹس وہاں دستیاب نہیں ہیں۔
شائقینِ کرکٹ ٹکٹ کی خریداری کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں جس سے ان کی کرکٹ کی خوشی ماند پڑ چکی ہے۔ کرکٹ کے متوالوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹکٹ کا حصول آسان بنایا جائے۔
شہریوں نے پی سی بی اور راولپنڈی کی انتظامیہ سےمطالبہ کیا کہ کرکت بورڈ نے جو ریٹ مقرر کیے ہیں، انہی ریٹس پر ٹکٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے میڈیا منیجر نے ساز باز کرکے ٹکٹس بلیک میلر مافیا کو نوازا اور اپنا حصہ بھی لے لیا ہے جس سے راولپنڈی کے کرکٹ شائقین انتہائی مایوسی کا شکار ہیں۔
عوام کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں سیزن اپنی پوری توانائیوں کے ساتھ جاری ہے جس کے دوران ٹکٹس کے حصول کو آسان بنانا انتظامیہ اور موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔