لندن: کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن نے کرکٹر بسمہ معروف کی بیٹی اور والدہ کو ان کے ساتھ سفر کی اجازت نہ دینے پر تنقید کے بعد اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ فیڈریشن نے اپنا فیصلہ تبدیل کر دیا ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اور ان کے اہل خانہ کو جولائی میں انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے دوران رہائش کی سہولت دی جائیگی تاکہ وہ ایونٹ کے دوران اپنی نوزائیدہ بیٹی کے ساتھ رہ سکیں۔
اس سے قبل کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن نے میڈیا رپورٹس کے بعد کہا تھا کہ بسمہ معروف کی بیٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے پاکستانی بلے باز کو ٹورنامنٹ کے دوران گیمز ویلج سے باہر رہنا پڑے گا۔
پی سی بی نے تصدیق کی کہ ایسی صورتحال کو ختم کردیا گیا ہے، اور بیلفاسٹ میں سہ فریقی سیریز کے بعد گیمز کے لیے بسمہ معروف کی قیادت میں 18 رکنی اسکواڈ کا نام دیا ہے۔
پی سی بی کی خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے کہا کہ میں کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے ہماری کپتان بسمہ معروف کی فیملی کو گیمز ویلج میں جگہ دینے کی ہماری درخواست کو قبول کیا جس سے وہ اپنی کمسن بچی کی فکر کیے بغیر اپنے کام پر توجہ مرکوز کر سکیں گی۔
پاکستان 16 سے 24 جولائی تک بیلفاسٹ میں ٹی ٹوئنٹی کے عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور میزبان آئرلینڈ سے مقابلہ کرے گا اور 29، 31 جولائی اور 3 اگست کو کامن ویلتھ گیمز میں بارباڈوس، بھارت اور آسٹریلیا سے کھیلے گا۔
مزید پڑھیں:پہلا ون ڈے، سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ