سمندری طوفان کے اثرات نظر آنا شروع، ٹھٹھہ اور بھارتی گجرات میں تیز بارش

کالمز

zia
بربرا: پیرس کی شہزادی
"A Karachi Journalist's Heartfelt Plea to the Pakistan Army"
کراچی کے صحافی کی عسکری قیادت سے اپیل
zia-2-1
حریدیم کے ہاتھوں اسرائیل کا خاتمہ قریب!

کراچی: سمندری طوفان بپر جوائے کی پیش قدمی جاری، بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے، جس کے سبب تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، درخت اُکھڑ گئے ہیں۔

’بپر جوائے‘ سمندری طوفان پاکستان اور بھارت کے ساحل کی جانب رواں دواں ہے، تاہم اس کی آگے بڑھنے کی رفتار 6 سے 8 کلو میٹر کم ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بپر جوائے طوفان کی شدت میں ایک درجہ اور کمی آئی ہے اور اب یہ ’بہت شدید سمندری طوفان‘ سے ’شدید سمندری طوفان‘ کی کیٹیگری میں آگیا ہے۔ طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

بپھری ہوئی لہروں کی وجہ سے کراچی کے ساحل پر شہریوں کے جانے پر پابندی عائد ہے۔سمندری طوفان کراچی سے 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جس کے اثرات کراچی کے ساحلوں پر نظر آرہے ہیں۔

تفریحی مقام مبارک ولیج کا ساحل بھی اونچی لہروں کی زد میں ہے،پکنک پوائنٹس سی ویو، دو دریا سمیت ساحلی علاقے ویران ہوگئے ہیں۔

طوفان کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، دادو سمیت کئی علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش کا امکان ہے،کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی ہلکی بارش ہوئی۔

سمندری طوفان آج رات کسی وقت ٹھٹھہ اور بھارتی ریاست گجرات کے علاقے جاکھاؤ پورٹ سے ٹکرائے گا،جہاں طوفان کے اثرات ظاہر ہورہے ہیں، سمندری طوفان کا کچھ حصہ پاکستانی ساحلی علاقے کیٹی بندر سے بھی ٹکرائے گا،سمندر میں طغیانی ہے اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفان کیٹی بندر سے تقریباً 120 کلو میٹر دور ہے۔

طوفان کا مرکزی حصہ کراچی اور مانڈوی کے درمیان جاکھاؤ بندرگاہ کے نزدیکی ساحل سے ٹکرائے گا، طوفان بحیرہ عرب میں جاکھاؤ بندرگاہ سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور تقریباً 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست گجرات میں سوراشٹرا اور کچھ میں لینڈ فال کا عمل شروع ہو گیا ہے، سمندری طوفان جاکھاؤ بندرگاہ کے قریب کچھ دیر میں ٹکرائے گا، گجرات کے ساحلوں پر طوفان کے ٹکرانے کا عمل رات گئے تک جاری رہیگا۔

سمندر میں طغیانی ہے جس کی وجہ سے ساحل کنارے کھڑی کشتیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔کیٹی بندرپر طوفان بپر جوائے کے قریب آتے ہی ہواؤں کی شدت بڑھ گئی ہے، بجلی کے پول گرگئے اور چھتیں اڑ گئیں۔

مزید پڑھیں:کراچی پورٹ ٹرسٹ کا سمندری طوفان سے بچا ؤکے لیے الرٹ جاری

طوفان کے زیراثر گجرات کے علاقے دوارکا میں طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور اشتہاری بورڈز گرگئے ہیں۔