وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اربوں کے ترقیاتی منصوبوں پر غور کیلئے سی ڈی اے ورکنگ پارتی کا اجلاس 29 جون کو سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں طلب کیا گیا ہے جس میں شہر کی تاریخ کے بڑے بڑے منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کی52 ویں میٹنگ 29 جون کو سی ڈی اے ہیڈکواٹر میں طلب کی گئی ہے۔ اسلام آباد کی تاریخ کے بڑے بڑے اربوں روپے مالیت کے کئی منصوبوں کا جائزہ لیا جانے گا جن میں صحت و صفائی سمیت دیگر اہم شعبہ جات کے منصوبے شامل ہیں۔
اسلام آباد میں 18 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے سی ڈی اے ہسپتال میں 100 بیڈز کی سہولت کا منصوبہ، بارشی پانی کی نکاسی کیلئے 5 کروڑ 70 لاکھ روپے کا 2 سالہ منصوبہ، پارکنگ کا مسئلہ ختم کرنے کیلئے اسلام آباد کے مختلف شہری کمرشل علاقوں میں پارکنگ ایریاز کیلئے 4ارب کا 2سالہ منصوبہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں بارہ کہو میں ٹریفک کی بحالی کیلئے پل کی تعمیر کا 18 کروڑ 50 لاکھ روپے کا 1سالہ منصوبہ، سیکٹر ڈی 12 کی تعمیروترقی کیلئے 1 ارب 16 کروڑ 80 لاکھ روپے کا ڈیڑھ سالہ منصوبہ، نائنتھ ایونیو، شاہین شوک کو سگنل فری بنانے کیلئے 1 ارب 70 کروڑکا منصوبہ بھی زیرِ غور آئے گا۔
مزید برآں ای 11 چوک کو سگنل فری بنانے کیلیے 1 ارب 47 کروڑ کا ڈیڑھ سالہ منصوبہ، جی 11 میں ضلعی عدالتوں کی تعمیر کیلئے 1 ارب 42 کروڑ کا ایک سالہ منصوبہ، جی 10 ون میں تعمیر و ترقی کیلئے 1 ارب 80 کروڑ کا 2 سالہ منصوبہ بھی سی ڈی اے ورکنگ پارٹی اجلاس میں زیرِ غور آئے گا۔
اس کے علاوہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں قدرتی خوبصورتی میں اضافے کیلئے 3 ارب 50 کروڑ کی لاگت سے 3 سالہ منصوبہ بھی اجلاس کے دوران گفت و شنید کا حصہ ہوگا۔سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں تمام منصوبوں کے پی سی ون کا جائزہ لیا جائے گا اور حتمی منظوری بھی دی جائے گی جس سے شہر کی تعمیر وترقی ایک نئے دور میں داخل ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں 10 ماہ کے دوران 12.84 فیصد اضافہ