اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سوال پوچھا ہے کہ کیا وہ بتانا پسند کریں گے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو کیا رعایت دی گئی ہے؟
شہباز گل نے کہاکہ بلاول کا کام صرف قوم کو گمراہ کرنا ہے جس کی تگ ودو میں یہ مصروف ہیں۔ ان کے پاس ناجائز دولت کا جواب نہیں، اس لئے سازش کی کہانی گھڑ کے عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بلاول کابس چلے تو کرپشن کو قانونی حیثیت دینے کا مطالبہ کر دیں۔ جن کے پاس کرپشن اور لوٹ مار کا جواب نہیں، وہ عدالت کی بجائے میڈیا میں اپنا کیس لڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین کی تقرری خورشید شاہ کی نامزدگی پر ہوئی، ہماری بھی عدلیہ سے درخواست ہے کہ زرداری ٹولے کے کیسز میں جلد انصاف کیا جائے۔
شہباز گل نے کہا کہ صدقے کے بکرے، سالگرہ کے کیک اور ہوائی ٹکٹ جعلی اکاؤنٹس سے خریدے جاتے رہے، اس کے ڈاکومنٹس موجود ہیں۔ عدلیہ میں انصاف لینے کے لیے ان کا جواب دینا پڑے گا، پریس کانفرنس سے ان کی جان چھوٹنے والی نہیں ہے۔