لاڑکانہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کو وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر منائیں گے،حکومت کو ہٹانے کا آئینی، قانونی اور جمہوری طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے،پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوری، آئینی و قانونی طریقے سے اس حکومت کو گھر بھیجے گی۔
دو سال میں پاکستان کی معیشت کو جتنا نقصان ہوا ایسا کبھی تاریخ میں نہیں ہوا، عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کی راہ میں رکاوٹ پیپلز پارٹی اور وزیر اعلی سندھ ہیں، یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماں کو میڈیا اور نیب کے ذریعے ٹارگٹ کیا گیا لیکن ہم سازشوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔
ہم جانتے ہیں غیر جمہوری قوتوں کو سیاست سے کیسے نکالنا ہے۔جمعہ کولاڑکانہ میں موہنجو داڑو روڈ پر نئے انڈسٹریل اسٹیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے منشور کے تحت عوام کی خدمت کی اور عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے۔
یہ منصوبہ کچھ سال قبل صرف کاغذات میں تھا، اس انڈسٹریل زون سے نا صرف مقامی صنعتوں اور کاروبار کو فائدہ ہوگا بلکہ عوام کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ملک کی شرح نمو افغانستان اور بنگلہ دیش سے پیچھے اور مہنگائی کی شرح بھی ان ممالک سے زیادہ ہو، موجودہ حکومت ہر کاروبار کرنے والے اور صنعت لگانے والے کو چور بنادیتی ہے اور ان سے دشمنوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت ڈنڈے کے سہارے معیشت اور ملک چلانا چاہتی ہے، حکومت کا کام سہولتیں فراہم کرنا ہوتا ہے، حکومت سندھ نے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیا اور ٹیکس اکٹھا کرنے کے لیے ڈنڈے کا استعمال نہیں کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘ہم کاروباری و صنعتی برادریوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ باقی ملک کی طرح آپ کے سامنے پیپلز پارٹی کی جو کردار کشی کی گئی ہے اور مخصوص طریقے سے پیش کیا گیا ہے، ہم ضرور عوام دوست ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم صنعت اور کاروبار کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام بالخصوص سندھ کے عوام کو جس طرح لاوارث چھوڑا ہے اس مشکل معاشی صورتحال کے دوران ہم نے مل کر کام کرنا ہے، پی ٹی آئی حکومت کی ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر اب تک نہیں دیکھے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ ہم ہر سطح پر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، حکومتی وزیر بھی مانتے ہیں کہ عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کی راہ میں رکاوٹ پیپلز پارٹی اور وزیر اعلی سندھ ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماں کو میڈیا اور نیب کے ذریعے ٹارگٹ کیا گیا لیکن ہم سازشوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، ہم جانتے ہیں غیر جمہوری قوتوں کو سیاست سے کیسے نکالنا ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ عوام کو اس نااہل و نالائق حکومت کی وجہ سے اس وقت تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری کا بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اس حکومت کے خلاف نکلے ہیں۔