اسلام آباد: پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے متحرک ہو گئی، وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کے بعد چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری بھی آج امریکا کیلئے روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق صدر آصف علی زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری آج اسلام آباد سے امریکا کیلئے اڑان بھریں گے جبکہ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت گرانے کیلئے متحرک ہے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری امریکا کیلئے آج روانہ ہورہے ہیں جو امریکا میں کم از کم 1 ہفتہ قیام کا ارادہ رکھتے ہیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پسِ پردہ طور پر پیپلز پارٹی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف لابنگ کی تیاری کرچکی ہے۔
کم و بیش 7 روزہ دورۂ امریکا کے دوران بلاول بھٹو زرداری واشنگٹن ڈی سی اور نیویارک کا دورہ بھی کریں گے اور ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔امریکا میں پیپلز پارٹی کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں بھی بلاول بھٹو کے شیڈول کا حصہ ہیں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری امریکا میں پیپلز پارٹی کے کارکنان، عہدیداران، اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ رواں ماہ 6 روز قبل ہی وزیرِ اعلیٰ سندھ ایک نجی دورے کے سلسلے میں امریکا روانہ ہوچکے ہیں، اور وزیرِ صحت سندھ بھی امریکا میں ہیں۔
وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی پہلے امریکا کیلئے اڑان بھر چکی ہیں۔ غالب امکان یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے علاوہ وزیرِ صحت سندھ بھی پی پی پی کی سیاسی سرگرمیوں میں شریک ہوں گی۔
باوثوق ذرائع کے دعوے کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ امریکا میں نامور بین الاقوامی شخصیات سے ملاقاتوں کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم پیپلز پارٹی نے ذرائع کے دعوے کے برعکس حکومت کے خلاف کسی بھی قسم کی لابنگ کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نبیل گبول کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی پی پی کسی کی منت سماجت کرنے کیلئے امریکا کے دورے پر نہیں جارہے بلکہ انہیں امریکی سینیٹرز نے دورۂ امریکا کی دعوت دی، وہ امریکا جا کر پاکستانی قوم کا مقدمہ لڑیں گے۔ معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کو بھی پیپلز پارٹی کی سرگرمیوں کی بھنک پڑ گئی۔ حیرت انگیز طور پر 7 جولائی کے روز وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سی وی لے کر امریکا ڈیل کرنے کیلئے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان امریکا سے دو طرفہ تعلقات کے لیے پرعزم ہے، شاہ محمود قریشی