بلاول بھٹو کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات، ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بلاول بھٹو کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات، ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو
بلاول بھٹو کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات، ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو

لندن: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں ن لیگ کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی پی  بلاول بھٹو سابق وزیراعظم سے ملاقات کےلیے اسٹین ہوپ ہاؤس میں واقع نواز شریف کے صاحبزادے کےدفتر پہنچے۔انہوں نے نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی، شہباز شریف کے وزیر اعظم اور حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے پر مبارکباد دی۔ 

یہ بھی پڑھیں:

دادو میں آتشزدگی پر سست ردِ عمل، وزیر اعلیٰ کا ذمہ دار افراد کو سزا دینے کا فیصلہ

برطانیہ کے شہر لندن میں بلاول بھٹو زرداری اور نواز شریف کے درمیان خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں  ملک کی سیاسی صورت حال زیرِ غور آئی اور سیاسی معاملات میں اتفاق رائے کے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقعے پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ شیری رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔ 

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف سے ملاقات ضروری ہے، ایک بار پھر ہم پاکستان میں جمہوریت کے عمل کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ نواز  شریف کا جمہوریت کی بحالی میں کردار اور قربانی سب کے سامنے ہے، اس نیت کے ساتھ آیا ہوں کہ ان چیلنجز کا مقابلہ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کیا جاسکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سازش غیر ملکی نہیں بلکہ جمہوری تھی، ہم نےوائٹ ہاؤس سے نہیں بلکہ بلاول ہاؤس سے سازش کی۔ عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نہیں بچایا۔ نوید قمر نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات کیلئے کوئی مخصوص ایجنڈا یا مطالبہ لے کر نہیں آئے، ہم اسے تعلقات کی بہتری کا طریقہ سمجھتے ہیں۔ 

Related Posts