سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو کوئی تکلیف ہے تو پیپلزپارٹی کے مراد علی شاہ سے ہے، ہم پاکستان بچانے نکلے ہیں، سلیکیٹیڈ کو بھگا کر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قائد حزب اختلاف پیپلز پارٹی سے ہو تو جیل میں اور اگر قائد حزب اختلاف لاہور کا ہو تو وہ مزے میں۔
سکھر پہنچنے پر استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ تبدیلی سرکار کی پہلی اور آخری حکومت ہے۔ اس لیے وہ اتنا ظلم کریں جتنا خود برداشت کرسکتے ہیں۔ ملک میں جیالوں کا دور آنے والا ہے اور بی بی کے جیالوں کی حکومت بننے جارہی ہے پھر ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مراد علی شاہ پر سب سے زیادہ کرپشن کرنے کا الزام لگا رہے ہیں تاہم اس حکومت کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ ہے تو پیپلزپارٹی اور سندھ کے وزیر اعلی مراد علی شاہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت جانتی ہے کہ اسے پٹواریوں اور مولانا سے نہیں خطرہ ہے تو صرف جیالوں سے ہے۔ کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے جیالوں نے ہمیشہ آمروں اور ڈکٹیٹروں کا مقابلہ کیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کاکہنا تھا کہ اگر سکھرکا شاہ جیل میں ہے تو اس کی خواتین کو بھی کیسز کیں دھکیلا جارہا ہے ہم یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ اگر ہماری گھر کی عورتوں کو کیسز میں دھکیلا جائے گا تو آپ کے گھر کی بھی عورتیں ہیں مگر ہم عورتوں کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے جیالوں سے کہا کہ وہ اٹھ کھڑے ہوں اور تیار ہوجائیں جدوجہد کو تیز کریں ہم پاکستان بچانے نکلے ہیں ہم نے ملک کے عوام کو نہ تنہا اور لاوارث چھوڑا ہے اور نہ چھوڑیں گے ہم سلیکیٹیڈ کو بھگا کر دم لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی نے انسانی زندگی کو مشکلات کا شکار کردیا ہے، شازیہ مری