اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نئے وزیر اعظم شہباز شریف اپنی مرضی کی وفاقی کابینہ بنائیں گے جبکہ عمران خان نے عدم اعتماد پر آئین شکنی کی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسپیکر اسد قیصرکے استعفے کے بعد ایاز صادق نے تحریکِ عدم اعتماد پر عملدرآمد کرایا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان اپنی ذات سے آگے نہیں سوچ رہے تھے۔
شہباز شریف کی بلاول سمیت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات
تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کو جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم یہی چاہتے تھے کہ سب کچھ آئین کے مطابق چلے۔ ہماری جدوجہد اپنی ذات کیلئے نہیں، جمہوریت کیلئے تھی۔ ہم انتخابی اصلاحات کرنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے صوبوں کو ان کے حقوق دلوائے۔ جمہوریت کو بچانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کوشش کرنی چاہئے۔ پارلیمنٹ میں ملکی مفاد پر فیصلے ہوں گے، تبھی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کرانا بہت ضروری ہے۔ نیب کے کالے قانون کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ نیب سے زیادہ انتخابی اصلاحات ہماری ترجیح ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی اصلاحات پر الیکشن کمیشن نے بھی اعتراض اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی انتخابی اصلاحات کا عمل مکمل ہوگا، ہم الیکشن کی طرف بڑھیں گے۔ نئی بننے والی حکومت الیکشن کمیشن کی پوری مدد کرے گی۔ شہباز شریف اپنی مرضی کی کابینہ بنائیں گے۔ صدر کے متعلق اپوزیشن میں کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔