اسلام آباد: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جلسہ جلسہ کھیلنے والے کھیلتے رہیں، ہماری ترجیح سیلاب متاثرین کی بحالی ہے جبکہ وفاقی حکومت سیلاب زدگان کی امداد کیلئے پر عزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد مدد کیلئے پکارتے رہے جبکہ صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر عمران خان کی جلسہ گاہ سکھا رہے تھے۔
سوات میں پھنسی غیر ملکی تبلیغی جماعت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکال لیا گیا
بیان میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جلسہ جلسہ کھیلنے والے کھیلیں، حکومت کی ترجیح سیلاب متاثرین کی بحالی ہے۔ یہ سیاست نہیں بلکہ عوام کی مدد کرنے کا وقت ہے۔ جہاں جہاں متاثرین ہیں، وفاقی حکومت ان کی مدد کرے گی۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان شدید موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے۔ ملک کے 72 اضلاع میں 3 کروڑ افراد کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ ملکی معیشت کو سیلاب سے شدید نقصان پہنچا، ملک کا مواصلاتی نظام اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کیلئے متاثرین کو خوراک اور چھت کی فراہمی بڑا چیلنج ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متاثرین کی مدد کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ سیلاب کے دوران 1100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔