پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت پسند قانون دان عاصمہ جہانگیر انسانی حقوق کا مطالبہ کرنے والی توانا آواز تھیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عاصمہ جہانگیر کی برسی کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا کہ مرحومہ عاصمہ جہانگیر ایک باوقار خاتون اور نڈر سماجی رہنما تھیں۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر ان لوگوں میں سے ایک تھیں جنہوں نے پاکستان میں مقدس گائے بننے کے خواہش مند مخصوص سوچ کے ارادوں کو چیلنج کیا۔ وہ جمہوریت کی وکیل اورانسانی حقوق پر توانا آواز تھیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عاصمہ جہانگیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی اور عاصمہ جہانگیر پاکستان کے نظامِ حکومت اور نظامِ انصاف میں موجود خرابیوں کو درست کرنے کے معاملے پر مستقل اتحادی تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جمہوری قوتوں کی جدوجہد کی تاریخ عاصمہ جہانگیر کے ذکر کے بغیر نامکمل رہے گی۔جمہوریت پسند قانون دان عاصمہ جہانگیر ایک بہادر ایکٹیوسٹ تھیں۔
یاد رہے کہ معروف وکیل، قانون دان اور انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے۔ جمہوریت پسند قانون دان کی حیثیت سے عاصمہ جہانگیر کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
انسانی حقوق کی سرگرم علمبردار عاصمہ جہانگیر نے دل کی بیماری کے باعث آج سے ٹھیک 3 سال قبل وفات پائی، وہ قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے باعث آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔
مزید پڑھیں: قانون دان عاصمہ جہانگیر کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے