اسلام آباد: بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ حکومت خود ہی اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کر رہی ہے، عمران خان نے خود کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کنٹینراور کھانا دیں گے، انہیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے والد آصف زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ڈاکٹرز نے آصف زرداری کوطبی سہولتیں دینے کا کہا تھا، حکومت آصف زرداری کو طبی سہولتوں سے دور رکھ کر پی پی پی پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے، ہم ایسی کٹھ پتلی حکومتوں سے لڑتے آئے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ18 اکتوبر کو کراچی کے عوام نے پیغام دےدیا ہے، میں تھرپارکر میں جلسہ کررہا ہوں، وہاں سے بھی پیغام جائے گا، کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجنا ہے، جدوجہد جاری رہے گی، تمام مسائل کی وجہ وزیراعظم ہیں، انہیں گھر جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو مہنگائی اور ٹیکسز کے سونامی میں دھکیل دیا گیا، ہم غیر جمہوری قوتوں سے مقابلہ کرتے آئے ہیں، خان صاحب کو اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے کہ احتجاج کیلئے تعاون کریں گے، عوام نااہل حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ، ہربات پر یوٹرن نہیں لینا چاہیے، جمہوری سیاست کو ملک کو جگہ دینا پڑے گی ، پارلیمان میں تالا لگایا گیا ، الیکشن میں دھاندلی کی گئی ،سیاسی اورپرامن احتجاج ہم سب کا حق ہے ، حکومت کوجمہوری حق روکنے کے بجائے راستہ دیناچاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جتنی بزدل یہ حکومت ہے اتنی کوئی اور حکومت نہیں رہی ، وزیراعظم کو ہر جلسے اور تقریر سے نہیں ڈرنا چاہیے، اسلام آباد وفاق کا دارالحکومت ہے ، پرامن احتجاج کی اجازت ہونی چاہیے۔