ٹوکیو: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری 4روزہ دورے کیلئے جاپان پہنچ گئے ہیں جس سے پاک جاپان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری 4روزہ سرکاری دورے کیلئے جاپان پہنچے تو ٹوکیو میں پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ اور جاپانی وزارتِ خارجہ حکام نے بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کیلئے درخواستیں طلب کرلیں
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی برادری کی بڑی تعداد بھی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے استقبال کیلئے ائیرپورٹ پر موجود تھی۔ بلاول بھٹو زرداری جاپانی وزیر اعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
دورۂ جاپان کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جاپان کے مشیرِ قومی سلامتی سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس دوران وزیر خارجہ کی جاپان میں ممتاز کاروباری اداروں کے سینئر عہدیداروں سے بھی ملاقاتوں کی توقع کی جارہی ہے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورۂ جاپان کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک انسٹیٹیوٹ سے خطاب بھی کریں گے جسے جاپان میں مشہور تھنک ٹینک کی حیثیت حاصل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جاپان میں پاکستانی افرادی قوت کی درآمد سے متعلق ممتاز کاروباری اداروں اور اداروں کی نمائندگی کرنے والے سینئر حکام اور ایگزیکٹوز سے بھی گفتگو کریں گے۔