اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فرازنے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ثابت کیا کہ وہ اشرافیہ کے نمائندے ہیں،مزدوروں اور محنت کشوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول نے سندھ حکومت کی نااہلی وفاق پر تھونپنے کی بھونڈی کوشش کی، کرونا قومی مسئلہ ہے، اس پر سیاست کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔
دن میں سونے والے حقیقت سے نابلد ہیں،بلاول صاحب کی لاعلمی پر افسوس ہی کیا جا سکتا، احساس کیش ایمرجنسی پروگرام،لنگر خانے اور پناہ گاہیں عمران خان کی مزدوروں سے وابستگی اور احساس کا واضح اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب سیاست نہیں کام کریں،یہ قوم کی خدمت کا وقت ہے،200 ارب روپے کا ریلیف مزدوروں اور دیہاڑی داروں کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر اعلان کیا گیاہے۔احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے تحت 144 ارب روپے مستحق اور نادار طبقات میں تقسیم ہو رہے ہیں۔