اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، وہ وزیراعظم پر الزامات لگا کر اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ آج فرزند زرداری کرپشن پر بات کر رہا تھا، ان کا سارا خاندان کمیشن اور بھتہ خوری سے پہچانا جاتا ہے۔ ایک پرچی پر لیڈر بننے والے بلاول بھٹو نہ تو پارٹی کا ورکر رہے اور نہ ہی اس کی کوئی جدوجہد ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب اسمبلی میں مجھے مائیک ملتا ہے تویہ سب نو دو گیارہ ہو جاتے ہیں۔ اسمبلی کے دروازے بند کر دینے چاہیں تاکہ ان کو فرار کا موقع نہ ملے اور میری پوری تقریر انہیں سنائی جائے تاکہ انہیں ان کے کارنامے پتہ چلیں۔
انہوں نے کہا کہ امپائر بھی بلاول بھٹو کی مرضی کے ہونگے، وہ بتائیں کونسے فورم پر ڈبیٹ کرنی ہے۔ پرچی پر رٹہ لگانے والے اور سیاسی ورکر کا قوم کو پتا چل جائے گا۔ میں ان کے چیلنج کو قبول کرتا ہوں۔لیکن میں جانتا ہوں ان میں اس کا حوصلہ نہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ 54 سال بعد سیکیورٹی کونسل میں دو دفعہ کشمیر کے مسئلے پر بحث ہوئی۔ پاکستان کی فارن پالیسی بہتر ہونے سے بلاول بھٹوکو دکھ پہنچا۔ آپ چھپ نہیں سکتے، ہم نے آپ کو بہت جلد منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔