عام انتخابات 2024 میں بڑے بڑے برج الٹ گئے۔الیکشن میں شکست کھانے والی بڑی شخصیات کی فہرست سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو لاہور سے شکست کھا گئے جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین ملتان اور لودھراں سے سیٹ نکالنے میں ناکام رہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان سے ہار گئے جبکہ پرویز خٹک اور محمود خان قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیتنے میں ناکام رہے۔سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک پی ٹی آئی پی کے سربراہ بھی ہیں۔
سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق این اے 122 سے شکست کھا گئے جبکہ گجرات میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز الٰہی کو سالک حسین نے شکستِ فاش سے دوچار کردیا۔ جماعتِ اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق لوئر دیر 1پر قومی اسمبلی کی نشست نہ نکال سکے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان چارسدہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 25 میں مخالف امیدوار سے شکست کھا گئے جبکہ سینئر نائب صدر اے این پی حیدر خان ہوتی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 مردان سے نشست جیتنے میں ناکام رہے۔
اسی طرح سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی پنجاب سے نشست جیتنے میں ناکام رہیں۔ ن لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف بھی لاہور کے حلقے میں شکست کھا گئے۔ غلام احمد بلور این اے 32پشاور سے ناکام رہے۔