پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہفتے سے دوسرا اور آخری ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے، قومی ٹیم میں امام الحق کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ملتان ہی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے دن ہی 127 رنز سے شکست دے دی تھی۔ اطلاعات کے مطابق تجربے کار بلے باز امام الحق کو دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بطور اوپنر شامل کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں محمد ہریرہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کرتے ہوئے کپتان شان مسعود کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا، امام الحق کی ٹیم میں شمولیت کی صورت میں وہ ہریرہ کے ساتھ اننگ کا آغاز کریں گے، کپتان شان مسعود تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔
29 سال کے امام الحق نے پاکستان کے لیے آخری ٹیسٹ دسمبر 2023 میں آسڑیلیا کے خلاف کھیلا تھا، بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 24 ٹیسٹ کی 46 اننگز میں 37.33 کی اوسط سے 1568 رنز بنائے ہیں، جن میں 3 سینچریاں اور 9 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔
امام الحق نے پاکستان کے لیے 72 ون ڈے میچو ں میں 48.27 کی اوسط سے 9 سینچریوں اور 20 نصف سینچریوں کی مدد سے 3138 رنز بنا رکھے ہیں۔