واشنگٹن: امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کا ظلم و ستم سالہا سال سے جاری ہے جس کا اعتراف مذہبی تعصب یا انتشار پھیلانے کے زمرے میں نہیں آتا۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر معروف امریکی ماڈل بیلا نے فلسطین کی متعدد تصاویر شیئر کیں اور فلسطین کی آزادی اور قیامِ امن کا مطالبہ کیا۔
ماڈل بیلا حدید نے کہا کہ جس طرح میرا دل محسوس کرتا ہے، بہت سے خوبصورت، سمجھدار، قابلِ احترام، محبت کرنے والے، مہربان اور سخی فلسطینی ایک ہی جگہ رہتے ہیں۔
اپنی ایک اور انسٹا گرام پوسٹ میں ماڈل بیلا نے کہا کہ ہمیشہ سے یہی مطالبہ تھا کہ فلسطین کو آزاد کیا جائے لیکن اب آپ بھی پڑھیں اور اپنے آپ کو تعلیم یافتہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مذہب یا ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی بات نہیں بلکہ اسرائیل نو آبادیاتی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ مظلوم فلسطینی سالہا سال سے اسرائیل کے مظالم جھیلے پر مجبور ہیں۔
بیلا حدید نے کہا کہ مجھے پوری زندگی بتایا جاتا رہا کہ میں ایک فلسطینی خاتون ہوں لیکن یہ سچ نہیں۔ مجھے بتایا گیا کہ اگر تمہارا باپ فلسطین سے ہے تو تمہاری کوئی جائے پیدائش نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین ایک حقیقت ہے، فلسطینی لوگ بھی اپنا وجود رکھتے ہیں اور ہم سب ایک خاندان کے طور پر ہمیشہ ساتھ رہ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سماجی تبدیلی کیلئے عوامی دباؤ ضروری ہے۔ہانیہ عامر کا مسئلۂ فلسطین پر اظہارِ تشویش