بچوں کی پسندیدہ گڑیا ’باربی‘ پر بنائی گئی فلم 21 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
ہالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ’مارگٹ روبی‘ فلم میں ’باربی‘ کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ کین کا کردار رائن گوسلنگ ادا کررہے ہیں دیگر اداکاروں میں امیرکا فریرا اور دعا لیپا شامل ہیں۔ فلم کی ہدایت کار گریٹا گروگ ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ابھی تک ریلیز نہیں ہوئی ہے تاہم اس کے سیکوئل کی خبریں ابھی سے سامنے آرہی ہیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو میں اداکارہ مارگٹ روبی سے فلم کے سیکوئل کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
اداکارہ نے کہا کہ سیکوئل کے حوالے سے ابھی بات چیت جاری ہے تاہم ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ ابھی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہے اس لئے فلم کے سیکوئل کی تصدیق نہیں کی جاسکتی ۔
یاد رہے کہ باربی گڑیا سب سے پہلے 1959 میں بنائی گئی تھی اس سال مداح باربی کی 63 ویں سالگرہ منائیں گے۔
گزشتہ دنوں فلم کا ٹریلر ریلیز ہوا تھا جس میں باربی اور کین کی گلیمرس دنیا کی جھلک دکھائی گئی ہے اور ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا گیا کہ ‘اگر آپ باربی کو پسند کرتے ہیں تو یہ فلم آپ کیلئے ہے اور اگر آپ باربی کو پسند نہیں کرتے تب بھی یہ فلم آپ کیلئے ہے’۔
فلم ’باربی‘ رواں برس 21 جولائی کو ریلیز ہوگی، اس کا اعلان سب سے پہلے ستمبر 2009 میں گیا تھا لیکن پروڈکشن کا آغاز اپریل 2014 میں ہوا۔