وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بہادر علی نامی شہری نے محنت مزدوری کا نیا طریقہ اپناتے ہوئے روزگار کمانا شروع کردیا ہے جو اپنے کام سے بے حد خوش ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کا رہائشی بہادر علی 4 سال قبل الکحل سے پاک عطر اور نگینے فروخت کرتا تھا، بہادر علی نے ایک چھوٹی سی دکان کھول رکھی تھی لیکن آج کل بہادر علی نے ایک خوبصورت شوکیس بنا کر اپنے کام کو جدت بخشی ہے۔
شہرِ اقتدار میں بہادر علی نے موٹر سائیکل پر اپنی دکان سجائی ہوئی ہے۔ خوشبو اور نگینوں کا شہر بسائے ہوئے بہادر علی رات کے وقت کام کیلئے نکلتا ہے جس سے ایم ایم نیوز نے خصوصی گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران بہادر علی نے کہا کہ میں چل پھر کر روزی کمانے کا شوق رکھتا تھا جس کے بارے میں، میں نے اپنے ایک دوست سے مشورہ کیا۔ میرے دوست نے میری ہر ممکن مدد کی اور مجھے موٹر سائیکل پر شو کیس ڈیزائن کرکے دیا۔
بہادر علی کے مطابق شو کیس کے ڈیزائن میں 4 ہفتے لگے۔ موبائل دکان میں میوزک سسٹم بھی لگوایا گیا جس کی خوبصورتی کیلئے دیدہ زیب لائٹس بھی لگائی گئیں۔ بہادر علی کا کہنا ہے کہ میرے عطر الکوحل سے پاک ہیں۔
ہر فلیور کے عطر رکھنے والے بہادر علی نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ میرے پاس یاقوت، نیلم اور مرجان سمیت ہر قسم کے نگینے موجود ہیں۔ لوگ میرے اسٹائل اور دکانداری کو دیکھتے ہوئے شوق سے خریداری کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ میرا دیرینہ خواب پورا ہوا اور میرے گھر کا خرچ بھی اچھے طریقے سے چل رہا ہے۔ 3 ہفتے قبل میں نے موبائل عطر نگینہ شاپ شروع کی تھی۔ اللہ کا بہت شکر ہے کہ میں باعزت روزگار کمانے کے قابل ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف خاندان کو کباڑی کے نام پر کروڑوں کی رقوم منتقل