لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہوگیا۔
صوبے میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ اوپن مارکیٹ میں فی من گندم کی قیمت 4550 روپے تک پہنچ گئی۔
مختلف شہروں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا نایاب ہوگیا ہے۔ 20 کلو آٹے کا سرکاری ریٹ 1295 روپے مقرر ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بلیک میں بک رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے بھی مختلف علاقوں میں آٹے کی قلت کے باعث بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔
ہیکرز نے کرپٹو صارفین کے 80 لاکھ روپے چوری کرلیے
مارکیٹ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے بالائی علاقوں میں 100 کلو گرام آٹے کی بوری پر 1500 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد فی بوری 12000 روپے کی فروخت ہونے لگی۔
دوسری جانب گزشتہ 1 سال کے دوران گندم کی قیمت میں کم و بیش 350 روپے فی من اضافہ ہوا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری سستا آٹا بھی 315 روپے فی 20 کلو کے حساب سے مہنگا ہوگیا۔ سادہ روٹی کی قیمت 10 روے سے بڑھ کر 14 روپے تک جا پہنچی۔
سادہ نان 15 روپے سے بڑھ کر 25 روپے کا ہوگیا۔ محکمۂ خوراک پنجاب کے گندم کے ناکافی ذخائر اور وفاق کی طرف سے برآمد میں تاخیر بھی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں اضافے کی وجہ بن گئی۔ رواں برس نجی گندم کی قیمتیں 2000 روپے فی من سے زائد تک بڑھیں۔