اسلام آباد :پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کا کہنا ہے کہ نوجوان نامور بلے باز اور کپتان بابر اعظم کی اپنی ایک کلاس ہے، بابر اعظم کا بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے موازنہ نہیں کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا غیر منصفانہ ہے کیوں کہ ویرات کوہلی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ بابر اعظم نے صرف چار یا پانچ سال انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہے۔
کرکٹ کے حوالے سے ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ اس چیز کو ذہن میں رکھیں کہ بابر اعظم کا اپنا ایک اسٹائل اور اپنی کلاس ہے اور میں چاہتا ہوں کہ وہ لیجنڈری کرکٹر بنیں اور پاکستان کو فتوحات کی طرف گامزن کریں۔
پاکستان کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ رکھنے والے یونس خان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے پہلی بار ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کھیلا تھا تو ان کا موازنہ بیٹنگ کے لیجنڈ انضمام الحق سے کیا جاتا تھا ۔
یونس خان نے 2009 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا تھا انہوں نے پاک بھارت کرکٹ کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مستقل بنیادوں پر باہمی سیریز کھیلنے کی ضرورت ہے کیونکہ سرحد کے دونوں اطراف کے شائقین دونوں ٹیموں کو کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: یونس خان دورہ انگلینڈ کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر