وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے انسدادِ پولیو بابر بن عطاءنے کہا ہے کہ میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں، میں نے وزیر اعظم سے خود گزارش کی کہ مجھے سبکدوش کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی برائے انسدادِ پولیو نے کہا کہ میں ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے رہا ہوں جبکہ اس دوران مجھے دنیا کے بہترین دماغوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی
1: After a stint of over a year as the Prime Ministers Focal Person for Polio, I have asked the PM to relieve me of my duties because of some personal reasons pertaining to my family. During this time I got a chance to work with the best minds in the world 1/4
— Babar Atta (@babarbinatta) October 18, 2019
معاونِ خصوصی بابر بن عطاء نے کہا کہ جب میں پیچھے کی طرف مڑ کر دیکھتا ہوں تو یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ایسا ماحول پیدا کرنے میں کامیابی ملی جہاں پولیو کا انسداد اولین ترجیح ہے۔
بابر بن عطاء نے کہا کہ جلد ہی ایک کال سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا جہاں چوبیس گھنٹے عوام کے مسائل کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی جو انہیں پولیو ویکسین کے حوالے سے درپیش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ایسی پوزیشن میں آچکا ہے جہاں پولیو کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کیا جاسکتا ہے۔ اس موقعے کا فائدہ اٹھایا جائے گا اور اسے کسی صورت ضائع نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ ملک میں پولیو کے 3 مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد رواں سال کے دوران پولیو کے مرض سے متاثرہ بچوں کی تعداد 72 ہو گئی ہے جبکہ موجودہ کیسز کراچی، خیبر پختونخواہ اور جعفر آباد سے سامنے آئے۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک 17 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس پائے جانے کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید دو کیسز جعفر آباد اور خیبر پختونخواہ کے علاقے طوغر سے رپورٹ کیے گئے۔
مزید پڑھیں: ملک میں پولیو کے 3 مزید کیسز: رواں سال مرض سے متاثرہ بچوں کی تعداد 72 ہو گئی