اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے تحریکِ انصاف کو کے پی، پنجاب اور مرکز میں حکومت بنانے دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے موجودہ الیکشن کو تاریخ کے متنازعہ ترین انتخابات قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بابر اعوان نے کہا کہ ملک میں 8 اور 9 فروری کو 2 الیکشن ہوئے۔ 8 فروری کو عمران خان بیلٹ سے فاتح رہے جبکہ 9 فروری کے الیکشن میں نواز شریف بلٹ سے جیتنے کی کوشش میں ہیں۔
گفتگو کے دوران بابر اعوان نے کہا کہ ایک جانب بلین ڈالر مین جبکہ دوسری جانب بینگن تھا۔ ہم بلے کے بغیر 200 نشستوں سے زائد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، یہ کمال ہوگیا۔ پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور مرکز میں حکومت بنانے دیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کے بغیر وکٹری اسپیچ کرچکے ہیں۔ تحریکِ انصاف 9فروری کا نتیجہ مسترد کرتی ہے۔ ساری دنیا اسے مسترد کرچکی ہے۔ 2سال سے پری پول دھاندلی جاری ہے۔ صدر معافی والا اختیار استعمال کریں، عمران خان کو رہا کیا جائے۔
دریں اثناء انتخابات کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ کیا اس قسم کے انتخابات سے آپ سیاسی استحکام لاسکتے ہیں؟ اسلام آباد میں آر او آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران شعیب شاہین نے کہا کہ پوری دنیا میں ایسا نہیں ہوتا۔