شرجیل میمن اور عظمیٰ بخاری کی لفظی جنگ مزید تیز، کس نے کس کو کیا کہا؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Azma-Sharjeel war of words intensifies

کراچی: سندھ اور پنجاب کے دو اہم وزراء کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی، دونوں فریق اپنے صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کو نمایاں کرنے اور دوسرے کی کارکردگی کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پیر کے روز شرجیل میمن کی پریس کانفرنس کے جواب میں کہا کہ ’سندھ کارڈ‘ کھیلنا پاکستان پیپلز پارٹی کی پرانی عادت ہے۔

لاہور میں جاری کردہ اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ میں بننے والے تمام بڑے منصوبے وفاقی حکومت کے فنڈز سے مکمل کیے گئے ہیں اور شرجیل میمن اشتعال انگیز بیانات دینے کے بجائے حقائق کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب پنجاب حکومت ان بیانات کا جواب دیتی ہے تو پی پی پی کو برا لگتا ہے۔

عظمیٰ نے شرجیل میمن کے اس بیان پر بھی ردعمل دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم سیاست نہیں کرتے‘۔ پنجاب وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ چچا اور بھتیجی (وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز) جیسے الفاظ کا بار بار استعمال کیا ظاہر کرتا ہے؟

انہوں نے مزید کہا، “ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، ورنہ ہم آپ کو بھرپور جواب دے سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سندھ حکومت کی بے ضابطگیوں سے بخوبی واقف ہے جن میں بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی بھی شامل ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب بھی پنجاب میں کوئی بڑا منصوبہ مکمل ہوتا ہے تو سندھ حکومت کو تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے چیلنج کیا کہ پیپلز پارٹی کی 16 سالہ سندھ حکومت کا موازنہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایک سالہ کارکردگی سے کیا جائے۔ مزید کہا کہ “جو حکومت 16 سال میں کراچی کی سڑکوں سے کچرا نہیں ہٹا سکی، وہ ہمیں لیکچر نہ دے۔ اگر آپ صاف ستھری سڑکیں دیکھنا چاہتے ہیں تو لاہور کا دورہ کریں۔”

قبل ازیں، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا تھا کہ پنجاب کے ایک وزیر نے سیہون حادثے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جس نے وفاق میں حکومت بنائی ہے اور وفاقی حکومت کو سندھ کو 180 ارب روپے جاری کرنے چاہئیں جو سپریم کورٹ کے اکاؤنٹس میں موجود ہیں۔

نو سال بمقابلہ نو ماہ: مراد کا خواب، مریم کا انقلاب، سائیں اب بھی پیچھے!

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان سندھ کی سڑکیں استعمال کر رہا ہے لیکن ہم وفاقی حکومت سے لڑائی کے بجائے صرف انہیں اصل صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔سندھ کے وزیر نے مزید کہا کہ سیہون روڈ کی تعمیر نو وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

شرجیل میمن نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے اسلام آباد پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ گزشتہ 15 سالوں میں خیبرپختونخوا میں کئی بڑے دہشت گردی کے واقعات ہوئے، یہاں تک کہ بنوں جیل توڑنے کا واقعہ بھی پی ٹی آئی حکومت کے دور میں پیش آیا، مگر حکومت دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کر سکی۔انہوں نے الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہر فورم پر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔

Related Posts