برادر اسلامی ملک آذر بائیجان میں جمہوریہ کا قومی دن آج منایا جارہا ہے جبکہ یہ وہ دن ہے جب سن 1918ء میں پہلی بار آذر بائیجان کیلئے ڈیموکریٹک ری پبلک کے الفاظ استعمال کیے گئے۔
اسلامی ملک آذر بائیجان کے عوام کیلئے تاریخِ انسانی کی کتابوں کے سنہری صفحات میں سے ایک صفحہ یہ دن ہے جس سے ان کے وطن کا مستقبل جمہوریت کی چھتر چھایہ تلے طے کیا گیا۔
آذربائیجان کے عوام ہر سال 28 مئی کو قومی دن کے طور ر مناتے ہیں جسے آذر بائیجان کی قومی پہچان کا دن قرار دیا جاتا ہے کیونکہ پہلے آذر بائیجان ایک طویل عرصے تک ایران کے زیر تسلط رہا جس کے بعد سوویت یونین روس نے اس پر قبضہ جما لیا۔
عوام نے اپنا آزاد ملک آذر بائیجان پانے کیلئے آزادی کی طویل جدوجہد کی۔ 28 مئی سن 1918ء کو آزادی کے اعلامیے پر دستخط کیے گئے جس کی شرائط کے مطابق آذر بائیجان کے عوام ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے مالک بنے۔
اعلامیے میں طے کیا گیا کہ آذر بائیجان ایک جمہوری ملک ہوگا جو اپنے ہمسایہ اور عالمی برادری کے تمام ممالک سے برادرانہ تعلقات اور اچھی ہمسائیگی قائم رکھے گا جو اس کے قریبی ممالک سے دیگر ممالک کی نسبت زیادہ گہری ہوگی۔
طے کردہ اعلامیے کی یادگار کے طور پر آج بھی آذر بائیجان کے عوام ری پبلک ڈے منا رہے ہیں جبکہ اعلامیے پر دستخط کی تقریب کو آج تقریباً 98 سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے۔