باکو: آذر بائیجان کی حکومت نے پاکستان کو سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 20 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ صدر الہام علی یوف کا کہنا ہے کہ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں آذر بائیجان کے صدر الہام علی یوف نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی بد ترین صورتحال کے پیشِ نظر متاثرین کی امداد کیلئے 20 لاکھ امریکی ڈالرز کی امداد دیں گے۔
پاکستان میں بارش اور سیلاب سے اموات پر سعودی عرب کا اظہارِ یکجہتی
آذر بائیجان کے صدر نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم پاکستانی عوام کے دکھوں میں برابر کے شریک ہیں۔ صدر الہام علی یوف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
پاکستان میں سیلاب کی بدترین صورتحال
آذربائیجان نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے 20 لاکھ امریکی ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، آذری صدر الہام علی یوف نے کہا ہے مصیبت کی اس گھڑی میں وہ پاکستانی عوام کے دکھوں میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کی pic.twitter.com/mPVSucBMIJ— ترکیہ اردو (@TurkiyeUrdu_) August 28, 2022
آج سے 18روز قبل اپنے ایک بیان میں آذر بائیجان حکومت کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد اور سیلاب کے بعد کی صورتحال میں عوام کی مدد کیلئے پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر دیں گے۔
اپنے موجودہ بیان میں آذر بائیجان کے صدر نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کو 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ ڈالر کردیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث 1 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں تعینات آذر بائیجان کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے آذر بائیجان کی آزادی کے وقت سب سے پہلے اسے تسلیم کیا اور ہمارے تمام مسائل پر اقوامِ متحدہ میں ہماری حمایت کی۔
آذر بائیجان کے سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارے عوام اور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ ہم بھی نہ صرف پاکستان کی ترقی اور سالمیت بلکہ کشمیر کے معاملے پر بھی پاکستان کے ساتھ ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ یہ مسئلہ حل ہوجائے۔