اداکارہ ازیکا ڈینیئل کو پاکستان میں مذہبی امتیاز کا سامنا، ویڈیو

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Azekah Daniel Reveals Experience of Religious Discrimination in Showbiz Industry
ONLINE

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ازیکا ڈینیئل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی شوبز انڈسٹری میں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اکثر ہجوم کے سامنے طعنے دیے جاتے رہے ہیں۔

ازیکا نے حال ہی میں ایک پروگرام “ہنسنا منع ہے” میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں اب ان افراد کو ترجیح دی جاتی ہے جن کے سوشل میڈیا پر زیادہ فالوورز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس اداکار یا اداکارہ کے زیادہ فالوورز ہیں یا جو اے لسٹر ہے، وہ نئے اداکاروں یا کم فالوورز والے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں کرتے۔

ازیکا نے مزید کہا کہ شوبز میں سیاست بہت ہے اور دیگر مسائل بھی موجود ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا گیا ہے لیکن وہ اس معاملے میں خاموش رہنا پسند کرتی ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ شوبز انڈسٹری روشن خیال ہے، لیکن درحقیقت یہاں بھی مذہب کی بنیاد پر تفریق کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ کئی بار بڑے اور سینئر اداکاروں نے انہیں شوٹنگ سیٹ پر 50 یا اس سے زیادہ لوگوں کے سامنے مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ جب انہیں اس طرح کے سلوک کا سامنا ہوتا ہے تو وہ خاموش ہو جاتی ہیں کیونکہ انہیں علم ہے کہ ان کی بات نہیں سنی جائے گی اور جو انہیں طعنے دیتا ہے وہ زیادہ بااثر ہوتا ہے۔

ازیکا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہجوم کی جانب سے تشدد کے واقعات بھی زیادہ ہیں، اس لیے وہ خاموش رہنے میں بہتری محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہب کی بنیاد پر ناروا سلوک کرنے والوں میں اداکار اور اداکارائیں دونوں شامل ہیں، اور اس ماحول کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

ازیکا ڈینیئل جو کہ مسیحی ہیں، کئی سال سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے مذہبی امتیاز کا انکشاف کرتے ہوئے کسی مخصوص شخص پر الزام نہیں لگایا بلکہ انہوں نے مجموعی طور پر شوبز انڈسٹری میں مذہب کی بنیاد پر تفریق جیسے معاملات کا ذکر کیا۔

Related Posts