لاہور: چپکے چپکے میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی فنکارہ ایمن سلیم نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے پر خاموشی توڑتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ذہنی طور پر اداکاری کیلئے تیار نہیں تھیں۔
حال ہی میں اداکارہ ایمن سلیم احسن خان کے شو ٹائم آؤٹ میں اداکار ارسلان نصیر کے ہمراہ شریک ہوئیں۔شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایمن سلیم نے کہا کہ میرا تعلق کاروباری برادری سے ہے، شوبز میں انٹری تو ہو گئی لیکن میں اس کیلئے تیار نہیں تھی۔
شوکے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایمن سلیم نے کہا کہ ہماری انڈسٹری دوسروں سے مختلف ہے۔ میں نے نیو یارک میں انوسٹمنٹ بینکنگ کی۔ کنسلٹنگ کا کام کیا۔ میرا کام کا دائرہ کار شوبز سے بالکل الگ اور اداکاری کامیدان کاروباری میدان کے مقابلے میں کہیں مختلف ہے۔
گفتگو کے دوران اداکارہ ایمن سلیم نے کہا کہ مجھے یقین نہیں تھا کہ میں اداکاری کرنا چاہتی ہوں یا نہیں۔ فی الحال تو اداکاری چھوڑ دی ہے لیکن اگر دوبارہ شوبز انڈسٹری کا رخ کیا تو یقین دلاتی ہوں کہ اِس بار اتنی جلدی اداکاری کا میدان نہیں چھوڑوں گی۔
معروف اداکارہ ایمن سلیم نے کہا کہ ذہنی طور پر تیار نہ ہونے کے باعث میں نے ایک قدم پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا اور یہ جائزہ لینے کی کوشش کی کہ مجھے کیا کرنا چاہئے۔ اگر پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے تو کچھ وقت تک اس پر قائم رہنا ہے۔
ایمن سلیم نے اداکاری کا آغاز رواں برس ریلیز کیے گئے ڈرامہ سیریل چپکے چپکے سے کیا جس میں عائزہ خان نے مرکزی کردار نبھایا۔ جولائی میں ایمن سلیم نے یہ کہہ کر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا کہ وہ اب اداکاری نہیں کریں گی۔
احسن خان کے شو میں ایمن سلیم کے ہمراہ شریک ارسلان نصیر نے بھی ڈرامہ سیریل چپکے چپکے سے اداکاری کا آغاز کیا ہے۔ ڈرامے کے دوران ارسلان اور ایمن سلیم کے مابین ڈائیلاگز مداحوں کو بے حد پسند آئے جنہیں سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ملی۔
یہ بھی پڑھیں: عدیل چوہدری اور سحر خان کو شوٹنگ کے دوران حادثہ پیش آگیا