لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ پارلیمان ایاز صادق نے کہا ہے کہ مجھے کسی اور کو یا کسی اور کو مجھے غدار کہنے کا حق نہیں، غدار کوئی کسی کو نہ کہے جبکہ ہم بھارت کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ داتا کی نگری لاہور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما ایاز صادق نے کہا کہ ناشتے کے وقت ہماری میٹنگ گزشتہ 10 روز سے شیڈول تھی جبکہ میرے بیان کو پاک فوج سے منسوب کرکے پاکستان کی کوئی خدمت نہیں کی گئی۔
گفتگو کے دوران ن لیگی رہنما ایاز صادق نے کہا کہ میرے بیان کو حکومتی اراکین نے غلط پڑھا، حکومت بے شک نالائق ہے لیکن اگر پاکستان کی بات آئے گی تو حکومت کی بھی حمایت کریں گے۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف پاکستان پر آپ سے اتفاق کریں گی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے کہا کہ لاہور میں لگنے والے بینرز اور پوسٹرز بھی عوام یا پاکستان کی خدمت نہیں ہیں۔ میں اپنے مؤقف پر قائم ہوں، میں نے کبھی کوئی غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دیا ہے، جس پر جے یو آئی (ایف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ان سے اتفاق کیا۔
ن لیگی رہنما کے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایاز صادق نے انتہائی ذمہ دارانہ اور سنجیدہ گفتگو کی۔ تمام اپوزیشن رہنما اختلافِ رائے کا حق رکھتے ہیں۔ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ 25 جولائی کو انتخابات میں دھاندلی ہوئی جبکہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جانا چاہئے تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک معاشی لحاظ سے دیوالیہ ہوچکا ہے ۔ملکی اداروں کے افراد مقدس ہیں، ان کی عزت کی جانی چاہئے۔ میرے خیال میں یہ قیامت کی علامت ہے کہ مسلم لیگیوں کو غدارِ وطن ٹھہرایا جائے جبکہ ہمیں احتیاط کا دامن تھامے رکھنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں اختلافات عروج پر، ثناء اللہ زہری نے استعفیٰ دے دیا