سڈنی: آسٹریلین اخبار نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے بھارت کا بین الاقوامی کرکٹ اور آئی سی سی پر قبضے کا منصوبہ بے نقاب کردیا ہے۔
آسٹریلین میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پرقبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ جے شاہ نے آئی سی سی کے صدر کریگ بارکلے کو استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا نے کہا کہ بھارتی براڈ کاسٹر ٹی وی رائٹس کی رقم کم کرنا چاہتا ہے۔ بھارتی براڈکاسٹر نے ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت منتقل کرنے کی کوشش کی تھی۔
ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ سے انکار
حال ہی میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کی پیشکش مسترد کردی۔
ویمنز ٹی 20 کا اگلا ورلڈ کپ بنگلہ دیش سے یو اے ای منتقل کردیا گیا، بنگلہ دیش میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو مستعفی ہونے پر مجبور کردینے والے ملک گیر مظاہروں اور امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر آئی سی سی نے بھارت کو میزبان بننے کا کہا تھا۔
آج سے 6 روز قبل سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ نے کہا کہ آئی سی سی نے بھارت سے کہا تھا کہ ہم ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں۔ ہم نے واضح الفاظ میں انکار کردیا۔ مون سون سر پر ہے اور ہم نے اگلے برس ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی بھی میزبانی کرنی ہے۔