پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ہوا تھا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ پر وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری اور کرکٹرز نے بھی سوالات اٹھا دئیے جہاں دونوں ٹیموں کے مابین پانچ روزہ میچ ڈرا ہوگیا۔
کراچی ٹیسٹ، کینگروز نے شاہینوں کو اسپن کے جال میں پھنسانے کی تیاری کرلی
پہلا میچ ڈرا ہونے کے بعد دونوں ٹیمیں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہیں۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور قومی ٹیم کے بابر اعظم کے مابین ٹاس ہوا جو پیٹ کمنز جیت گئے اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ کراچی کی وکٹ اچھی لگ رہی ہے۔ کوشش کریں گے کہ پاکستان کے خلاف اچھا پرفارم کریں۔ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، شاہین آفریدی، عبداللہ شفیق اور فواد عالم شامل ہیں۔
قومی ٹیم میں اظہر علی، نعمان علی، ساجد خان، حسن علی اور فہیم اشرف بھی شامل ہیں جبکہ نسیم شاہ اور افتخار احمد کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے لیگ اسپنر مچل سویپسن آج اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔