لاہور: پاکستان کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 232 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔
جس میں ایلکس کیری اور کیمرون گرین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور پہلے سیشن میں پاکستانی باؤلرز کو وکٹ سے محروم رکھا بعدازاں دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 135 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکےآسٹریلیا کی پوزیشن کو مستحکم کردیا جبکہ اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
خیال رہے کہ میچ میں پاکستان کو چھٹی وکٹ اس وقت ملی جب ایلکس کیریر 65 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
کیمرون گرین نے بھی 79 رنز کی اننگز کھیلی لیکن نسیم شاہ نے ان کی وکٹیں بکھیر کر تیسری وکٹ حاصل کی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 13 رنز بنانے والے مچل اسٹارک کو چلتا کردیا۔
نسیم نے بہترین باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نیتھن لائن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جبکہ شاہین کو لگاتار دو چھکے لگانے کے بعد مچل سویپسن بھی چلتے بنے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا دوسرا روز، آسٹریلوی بلے باز بڑا اسکور کرنے کیلئے تیار