کراچی: پاکستان ریلوے کراچی ڈویژن نے کینٹ ریلوے اسٹیشن پر مختلف اسٹالز کی نیلامی مکمل کرلی ، ریلوے کو اس نیلامی سے 13.41 ملین روپے وصول ہو گئے۔
ڈویژنل کمرشل افسر (ڈی سی او) کراچی ناصر نذیر کی سربراہی میں تین رکنی آکشن کمیٹی نے کینٹ اسٹیشن کے مختلف اسٹالز کا دو سال کے دورانیے کے لیئے آکشن آج مکمل کرلیا۔
قوانین کے مطابق مذکورہ مدت میں ایک سال کی توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ آکشن سے حاصل ہونے والے 13.41 ملین روپے کو وفاقی حکومت کے ریلویز سے منسلک اکاونٹ میں جمع کروادیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈی سی او کراچی ڈویژن ناصر نذیر نے کہا کہ ٹینڈر چھپنے سے لے کر آج آکشن مکمل کرنے کے مرحلے تک تمام قوائد اور قوانین پر سختی سے عمل کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف طریقہ کار سے اسٹالز کی نیلامی مکمل کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر کھانے پینے کے اسٹالز کی نیلامی کی گئی ہے ۔ جبکہ نیلامی کے بعد یہاں فروخت ہونے والی اشیاء کے معیاری ہونے پر مکمل نظر رکھی جائے گی۔
ناصر نذیر کا مزید کہنا تھا کہ معیار یا قیمتوں میں کسی اسٹال ہولڈر نے من مانی کی تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔ اگر ضرورت پڑی تو اسٹال کی الاٹمنٹ منسوخ کی جا سکتی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایکس میں حصص کے کاروبار کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے