راولپنڈی:تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود سے جواں سالہ لڑکی کورات کے اندھیرے میں اغوا کرنے اور ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی، 15 ایمر جنسی کال کرنے کے باوجود پولیس نے خاتون کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔
مذکورہ واقعے کے بعد علاقے میں قائم دیگر ہاسٹل کی لڑکیوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔متاثرہ خاتون کی جان کو خطرہ،سی پی او راولپنڈی احسن یونس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
جواں سال لڑکی اقصیٰ وحید نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں تھانہ نیوٹاؤن کی حدود میں قائم ایک ہاسٹل میں رہائش پذیر ہوں جہاں سے ہم روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ وغیرہ جاتے ہیں۔
اسی دوران ایک کار جس میں نامعلوم افراد سوار تھے،میرے قریب گاڑی روکی اور کہا کہ ہم سے دوستی کرو نہیں تمہیں تو اٹھا لے جائیں گے،میں ان کو جانتی تک نہیں ہوں،انہوں نے زبر دستی مجھے اپنی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی، جان بچا کر میں وہاں سے بھاگ گئی۔
اس دوران ان میں سے ایک نے اپنا موبائل فون نمبر 03149000075 لکھ کر پھینک دیااور ہوٹنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے، اسی دوران میرے قریب سے ایک پولیس وین گزری جن کواس حوالے سے بتایا تاہم انہوں نے میری ایک نہ سنی پھر میں نے ایمرجنسی 15پرکال کی جس پر بھی کوئی رسپانس نہ ملا۔
متاثرہ لڑکی نے آئی جی پنجاب اور سی پی او راولپنڈی اور مقامی تھانہ کا اے ایس پی سے اپیل کی ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے اور نامعلوم لوگوں کی جانب سے پھینکے جانے والا نمبر کو ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے،خاتون نے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔