لاہور: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے حملے کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سیکورٹی فورسز پر حملے کے تناظر میں بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے شہادت پانے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہےکہ دہشتگرد اپنے بزدالانہ حملوں سے پاک فوج کے عزم و ہمت کو شکست نہیں دے سکتے ہیں۔ مسلح افواج ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشتگردوں کے سیکورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے حملے سے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت کی اطلاع پر دکھ ہوا ہے، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کریں اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کریں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ملکی سلامتی کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 5 ایف سی کے جوان شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 5 جوانوں میں 4 ایف سی اہلکار اور ایک لیویز کا سب انسپکٹر شامل ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت 35 سالہ حوالدار زاہد ، 37 سالہ حوالدار اسحاق ، 28 سالہ لانس نائیک ولی ، 28 سالہ لانس نائیک عبدالمجید اور 38 سالہ سب انسپکٹر جاوید طور کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی