ایران کے شہر شیراز میں زیارت گاہ پر 3 مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق واقعہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 45 منٹ پر شیراز میں واقع مزار شاہ چراغ میں پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کرنیوالے 2 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا، تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق گرفتار دونوں حملہ آور ایرانی نہیں، تاہم ان کی قومیت کی وضاحت نہیں کی گئی۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے نامعلوم سیکورٹی ذرائع سے متعلق بتایا ہے کہ ملزمان نے ملک میں جاری بدامنی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا ہے۔
تہران میں 22 سالہ مہسا امینی کی پولیس کے زیر حراست ہلاکت کے بعد 16 ستمبر سے حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں، ان میں ایرانی خواتین پیش پیش ہیں۔
انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے دوران بھی فورسز کی کارروائیوں میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔