بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال سے آئے دن مختلف واقعات پیش آنے لگے ہیں۔ ضلع لورالائی میں کوئٹہ روڈ پر ڈیم کے قریب سیلابی ریلے میں ایک واقعہ پیش آیا، جس میں محمد اکبر کاکڑ نامی شخص اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ بُری طرح پھنس چکا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق محمد اکبر گاڑی چلا رہا تھا کہ گاڑی پانی کے تیز بہاؤں میں بےقابو ہوگئی۔
گاڑی میں موجود افراد کا کہنا ہے کہ صورتحال ایسی تھی کہ نہ وہ اندر محفوظ تھے نہ ہی باہر، بچنے کی بھی کوئی امید نظر نہیں آ رہی تھی کہ اچانک سیلابی ریلے میں ان کی مدد کے لیے عطا الرحمان لونی اپنی بڑی کالے رنگ کی بڑی کار کے ساتھ پہنچے اور پانی میں پھنسے لوگوں کو شیشے نیچے کر کے منتقل کیا۔
واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ’جب گاڑی پانی میں جارہی تھی تو لوگوں نے ان کو آواز دے کر روکنے کی کوشش کی مگر شاید ان تک آواز نہ پہنچی۔‘
عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ جب میں نے گاڑی پانی میں پھنسی دیکھی تو فیصلہ کیا کہ میرے پاس بڑی، طاقتور انجن کی جدید گاڑی ہے جس میں فور وہیل ڈرائیو کی سہولت بھی ہے، میں نے اسی وقت ان کی مدد کرنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب گاڑی میں سوار اکبر کا کہنا ہے کہ عطا الرحمان رحمت کا فرشتہ بن کر پہنچے، انہوں نے نہ صرف ہمارا حوصلہ بڑھایا بلکہ ہماری زندگیاں بچا کر انسانیت کا ثبوت بھی دیا۔
واضح رہے کہ عطا الرحمان ایک کاروباری شخصیت ہونے کے علاوہ فلاحی کارکن اور ایک مقامی تنظیم ’انجمن نوجواں فلاح‘ کے صدر بھی ہیں۔