اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے وکیل کو کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، قتل کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ قتل کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کریں گے۔
حالات بہتر، آصف زرداری کا لاہور میں ڈیرے لگانے کا فیصلہ
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی عطا تارڑ نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ جو بار کے سرگرم رکن اور وکیل رہنما تھے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف بلوچستان ہائیکورٹ میں ایک کیس کی سماعت چل رہی تھی۔ اس کیس کے وکیل اور درخواست گزار کو ٹارگٹ کلنگ کرکے شہید کیا گیا ہے۔ عمران خان کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ معمولی واقعہ نہیں، قتل کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ چیئرمین تحریکِ انصاف کو قتل کے کیس میں نامزد کریں گے۔ واقعے کی شفاف تحقیقات یقینی بنائی جائیں گی۔ اگر عمران خان جیل میں ہوتے تو یہ قتل نہ ہوتا۔