کراچی:جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء، امیر ضلع کیماڑی کراچی قاری محمد عثمان کی قیادت میں وفد کی ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات۔ ضلع کیماڑی میں پانی کے بحران سمیت سیوریج نظام کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے ضلع کیماڑی اور خصوصا شیرشاہ کالونی میں پانی کے بحران اور سیوریج کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرادی۔
وفد میں جمعیت علماء اسلام ضلع کیماڑی کے جنرل سیکریٹری سید اکبر شاہ ہاشمی، جمعیت علماء اسلام پی ایس 114 کے سینئر نائب امیر مولانا ظاہرشاہ، جے یوآئی شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان اور واٹر بورڈ بلک اینڈ ڈسٹریبیوشن کراچی کے افسران بھی موجود تھے۔
قاری محمد عثمان نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بتایا کہ ضلع کیماڑی کے اکثریتی علاقوں شیرشاہ، سائٹ، میٹروول، پاک کالونی، پٹھان کالونی، بلدیہ ٹاؤن، محمدی کالونی، ماڑی پور اور کیماڑی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔ لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔
جابجا غیر قانونی کنکشنز کی بھرمار نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھدی ہے۔ دیگر وجوہات کے ساتھ ساتھ واٹر بورڈ کے عملہ کی غفلت اور لاپرواہی بھی بڑی وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیرشاہ کالونی کے اکثریتی علاقے کئی سالوں سے پانی سے محروم ہیں۔ جہاں پانی آرہا ہے وہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ مساجد میں نہ وضو کا پانی ہے نہ پینے کا پانی میسر ہے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان نے فوری طور پر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح شہریوں کو پانی کی فراہمی ہے۔ جہاں جہاں لوگوں کو مشکلات ہیں انہیں فوری طور پر دور کیا جائے گا۔ شیرشاہ کالونی کیلئے واٹر بورڈ کے بلک اور ڈسٹریبیوشن کے افسران شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔
پانی کی فراہمی کے حوالے سے مولانا عظیم اللہ عثمان کے ہمراہ میٹنگز اور دورے کئے جائیں گے تاکہ مسائل کا بخوبی ادراک ہو۔ قاری محمد عثمان نے مزید کہاکہ شیرشاہ کالونی کے سیوریج کا نظام مکمل طور پر تباہ ہے۔ ہر گلی دلدل بنی ہوئی ہے۔
سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں۔ سنہ 1965 سے قائم جامع مسجد طور و جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کے اطراف کی گلیاں گندے پانی اور کیچڑ سے لت پت رہتی ہیں۔ فوری طور پر نئی سیوریج لائنیں ڈال کر اس مسئلے کو حل کیا جائے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ نے سیوریج کے افسران کو پابند کیا کہ وہ 2 روز کے اندر اندر جامعہ عثمانیہ جامع مسجد طور شیرشاہ کا وزٹ کرکے نئی سیوریج لائنیں ڈالنے کا عمل شروع کریں اور مجھے رپورٹ کریں۔ میں ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھوں گا۔ اور میری کوشش ہوگی کہ اسی ماہ میں نماز جمعہ طور مسجد شیرشاہ میں ادا کروں۔
مزید پڑھیں: مالی بحران کے باعث واٹر بورڈ لائینوں کی تبدیلی سے قاصر ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ