بلوچستان کے تجارتی شہر چمن میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) بلوچستان کے رہنما مولانا حافظ گل قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ مسجد میں اذان دے رہے تھے۔
چمن کے علاقے محمود آباد کی ایک مسجد میں ظہر کی اذان کے دوران مسلح حملہ آور داخل ہوئے اور مولانا حافظ گل کو پیچھے سے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ حملے کے فوراً بعد مسجد میں موجود نمازیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مولانا حافظ گل کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چمن منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کی نازک حالت کے باعث انہیں کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق فائرنگ کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے۔
جے یو آئی کے ضلعی چیئرمین مولانا امان اللہ نے حملے کو بزدلانہ اور مذہبی اقدار پر حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک عالم دین کو اذان کے دوران نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت فعل ہے۔
لیویز حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ادارے حملے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں۔