اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی ہے جس کا مقصد پاک ترکیہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں صدر آصف علی زرداری نے ترکیہ کے ہم منصب رجب طیب اردوان کو دورۂ پاکستان کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔
دونوں ممالک کے سربراہانِ مملکت نے مختلف شعبہ جات میں پاک ترکیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر آصف علی زرداری نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان کو عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد دی اور ترکیہ حکومت اور عوام دونوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے عسکری ٹیکنالوجی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ تینوں ملکوں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے تعاون کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جنوری میں جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم اقدامات پر گفتگو ہوئی۔