اسلام آباد: سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران نیب اصلاحات اور مشترکہ مؤقف اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس کے دوران اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں مشترکہ مؤقف پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چار سال کا گند صاف کرنے میں وقت لگے گا، مولانا فضل الرحمان
ملاقات کے دوران شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے مابین بیرونِ ملک پاکستانیوں کے ووٹ، ای وی ایم اور نیب اصلاحات کے بغیر الیکشن منعقد نہ کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف زرداری نے آج ہونے والے اتحادیوں کے اجلاس میں ایک پیج پر نظر آنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کا تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے خلاف حکمتِ عملی مرتب کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تباہی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، 4 سال کا گند صاف کرنے میں وقت لگے گا، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی کوئی اہمیت نہیں، ملک دیوالیہ ہوچکا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا گزشتہ روز پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی قوتیں چاہتی ہیں ہم تقسیم در تقسیم ہوجائیں، قبائل کے 15 ارکان میرے ساتھ ہیں جو فاٹا انضمام کیخلاف ہیں۔