اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے آج خطاب کریں گے جس کے ساتھ ہی نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔ آج سہ پہر کے وقت کیے جانے والے خطاب میں اہم اعلانات کی توقع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے جبکہ صدرِ مملکت کے خطاب میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔ خطاب کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی ہوجائے گا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس کا حصہ بنیں گے۔ ایوانِ صدر کا کہنا ہے کہ مشترکہ اجلاس کے موقعے پر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
ملک کی 16ویں قومی اسمبلی کے 14ویں اجلاس کے دوران حکومت کی پالیسیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ صدرِ مملکت اپنی تقریر کے مختلف نکات کے تحت مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب کا آئینی تقاضہ پورا کریں گے، عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے مخلتف تجاویز بھی خطاب کا حصہ ہوں گی۔
اس کے علاوہ ملکی سیاست، خارجہ امور، معیشت، عوامی فلاح و بہبود کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ بھی صدرِ مملکت کی تقریر اور اعلانات کا حصہ ہوگا۔ صدرِ مملکت اس موقعے پر عوامی ریلیف کے پیکیج کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں قانون سازی کی بہتری کیلئے تجاویز بھی دی جائیں گی۔
بعد ازاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خطاب پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بحث کی جائے گی۔ آج ہونے والے خطاب کے بعد آصف علی زرداری 8ویں بار خطاب کرنے والے پہلے صدر بن جائیں گے۔ اس سے قبل بھی صدر آصف علی زرداری 7 بار مشترکہ اجلاس سے خطاب کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔